1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، پوائنٹس میں شالکے اور بائرن میونخ برابر

10 دسمبر 2011

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 16ویں میچ ڈے کے جمعے کے روز ہونے والے ایک مقابلے میں فتح کے بعد شالکے نے اپنے پوائنٹس، لیگ کی ٹاپ ٹیم بائرن میونخ کے برابر کر لیے ہیں۔ شالکے اب لیگ میں دوسرے نمبر پر ہے۔

https://p.dw.com/p/13QGC
تصویر: dapd

ہیرتھا برلن کے خلاف جمعے کے روز کھیلے گئے میچ میں شالکے نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی۔ شالکے کی جانب سے کلاس یان ہُنٹیلار اور ٹیمو پُکی نے ایک ایک گول کیا۔ اس طرح شالکے کے پوائنٹس لیگ کی سرفہرست ٹیم بائرن میونخ کے برابر ہو گئے ہیں۔ تاہم اس میچ ڈے کے سلسلے میں بائرن میونخ کی ٹیم کو ابھی میچ کھیلنا ہے اور جیت کی صورت میں وہ ایک مرتبہ پھر شالکے سے پوائنٹس میں آگے نکل جائے گی۔

اس وقت پوائنٹس برابر ہونے کے باوجود بہتر گول اوسط کی بنا پر بائرن میونخ بدستور پہلی پوزیشن پر ہے۔ اس میچ ڈے میں بائرن میونخ کی ٹیم اپنا میچ اتوار کے دن اشٹٹ گارٹ کے خلاف کھیلے گی۔

Fußball 1. Bundesliga Saison 2011 / 2012 Hertha BSC gegen Schalke 04
شالکے نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے اپنے نام کیاتصویر: dapd

شالکے کے ڈچ کوچ ہُب سٹیونز نے میچ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کے لیے بائرن کے ساتھ پوائنٹس برابر کرنا اہم نہیں بلکہ اس میچ میں فتح اہم تھی۔ ’ہمیں مزید ایک گول کا موقع میسر آیا تھا، مگر ہم اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ اسی وجہ سے میچ کے اختتام تک ٹیم کو دباؤ میں کھیلنا پڑا‘۔

میزبان برلن 52 ہزار تین سو تماشائیوں کی موجودگی میں کھیلے گئے اس میچ کے آغاز میں قدرے مضبوط نظر آئی، تاہم کھیل کے 19ویں منٹ میں شالکے نے گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ کچھ ہی دیگر بعد ہیرتھا برلن کی جانب سے آڈریان راموز نے گول کر کے شالکے کی برتری کا خاتمہ کر دیا۔

شالکے کی جانب سے کھیل کے پہلے ہاف کے خاتمے سے دو منٹ قبل پُکی نے گول کر کے شالکے کو ایک مرتبہ پھر برتری دلا دی، جو آخر تک قائم رہی۔ دوسرے ہاف میں شالکے کی ٹیم کھیل پر مکمل طور پر چھائی رہی اور اس نے ہیرتھا برلن کے خلاف کئی اچھے مواقع بنائے تاہم وہ کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو پائی۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں